شنگھائی تعاون تنظیم کی چھتری تلے علاقائی شراکت داروں سے تجارت کا فروغ چاہتے ہیں: جام کمال

09-09-2024

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ایران اور اپنے دیگر علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے ایرانی خبر رساں ادارے سے پاکستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے تجارت اور اقتصادی امور کے 23ویں اجلاس کے حوالہ سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے اہم وفود کی موجودگی کے ساتھ آئندہ اجلاس بہت اہم ہے۔ وفاقی وزیر  نے کہا کہ رواں ہفتے اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے تجارت و اقتصادی امور کا اجلاس ہو گا جو خطے کی موجودہ صورتحال، دنیا اور خطے میں ہونے والی اقتصادی پیش رفت کے مختلف منظر ناموں کے پیش نظر بہت اہم سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے تجارت کے آئندہ اجلاس میں چین اور روس کے ساتھ ساتھ ہمارے پڑوسی ملک ایران جیسے ممالک کے وفود کی موجودگی مضبوط علاقائی تعاون اور تجارتی، اقتصادی اور وفود کے تبادلوں کے میدان میں مؤثر طریقے سے نئے مواقع تلاش کرنے کا ایک مثالی موقع ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے بارے میں کہا کہ مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر رئیسی کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے وفود کے تبادلوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔