سرحد پار فائرنگ: پاک فوج کے جوابی وار سے 2 کمانڈرز سمیت8 افغان طالبان ہلاک

09-08-2024

(لاہور نیوز) افغان طالبان کی سرحد پار فائرنگ کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، جوابی فائرنگ سے دو اہم کمانڈرز سمیت 8 طالبان جہنم واصل ہو گئے۔

افغان طالبان کی جانب سے ایک بار پھر پاک افغان سرحد پر بِلا اشتعال جارحیت جاری ہے، افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر دہشتگرد حملوں میں سہولت کاری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، دہشتگرد حملوں کے ساتھ ساتھ اب افغان طالبان کی بین الاقوامی سرحد پر جارحیت کھل کر سامنے آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق 7 ستمبر کی صبح سے افغان طالبان کی جانب سے پاک افغان سرحد سے متصل افغان علاقے پلوسین سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر بڑے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے افغان سائیڈ سے کی گئی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا، پاکستانی فوج کی جوابی فائرنگ سے افغان طالبان کے بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔ باوثوق ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق 8 افغان طالبان ہلاک جبکہ 16 زخمی کر دیے گئے، ہلاک ہونے والوں میں 2 اہم کمانڈرز خلیل اور جان محمد بھی شامل ہیں۔