غیرملکیوں نے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری نکال لی: سٹیٹ بینک
09-08-2024
(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں نے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی اپنی سرمایہ کاری واپس لے لی ہے۔
سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست میں سرمایہ کاری کے بہاؤ میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ جو سرمایہ کاری کی حکمت عملی میں تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔ اگست کے 15 دنوں کے دوران بیرونی سرمایہ کاری کی آمد 86.347 ملین ڈالر کے مقابلے میں 8.194 ملین ڈالر رہی۔ جبکہ خالص اخراج 78.15 ملین ڈالر تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی اور نصف اگست کے دوران کل آمد 271.5 ملین ڈالر تھی جس میں خالص سرمایہ کاری 91.5 ملین ہے۔ جبکہ اخراج 180 ملین ڈالر تھا۔ مرکزی بینک کے 29 جولائی کو شرح سود میں 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کرکے 19.5 فیصد کرنے کے فیصلے نے ٹی بلز پر منافع کم کردیا ہے۔ ٹی بلز پر ریٹرن پہلے ہی 17.4 فیصد اور اب اس سے بھی کم ہو کر 12 ماہ کے لیے 16.99 فیصد پر آگیا۔