عمران خان کا نائب کپتان ہوں چھوڑ کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا: شاہ محمود قریشی

09-07-2024

(لاہور نیوز) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کا نائب کپتان ہوں چھوڑ کر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ جب مقدمات درج ہوئے تب میں پنجاب میں نہیں تھا، مجھے ایک سال دو ماہ بعد گرفتار کیا گیا، جب میں رہا ہوا تو 9 مئی مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا میں نائب کپتان ہوں، میں بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ لوگ ڈرتے ہیں اگر میں باہر آ گیا تو لوگ اکٹھے ہوں گے، 40 سال سے سیاست میں ہوں کبھی کوئی مقدمہ نہ ہوا، اب اچانک 55 مقدمات درج ہو گئے۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ یہ لوگ دلائل کیوں نہیں دے رہے، یہ جان بوجھ کر التوا چاہتے ہیں، اگر ہم گناہ گار ہیں تو ہمیں سزا دیں، یہ قوم کا وقت ضائع کر رہے ہیں، ہمیں عدالتوں پر بڑا اعتماد ہے۔ بعدازاں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنان کل جلسہ گاہ میں پہنچیں، 8 فروری کو قوم نے تمام مشکلات کے باوجود صحیح فیصلے لئے تھے۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ جوڈیشل پیکیج اور ججز کی تعداد بڑھانے سے متعلق بل آرہا ہے اس بارے میں کیا کہیں گے؟ سابق وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ ان بلوں کے ذریعے پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، کم از کم بل کے پہلوؤں کو تو عوام کے سامنے لایا جاتا، ہماری درخواست ہے عدلیہ کو کمزور نہ کریں۔