پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے ’کنکشن کیمپ‘ بلانے کا فیصلہ

09-07-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس اور ورکشاپ بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس اور ورکشاپ کو "کنکشن کیمپ" کا نام دیا گیا ہے، کنکشن کیمپ 22 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے اور وہ ورکشاپ میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ کنکشن کیمپ میں ریڈ اور وائٹ بال کے ہیڈ کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن بھی شریک ہوں گے جبکہ انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور ہائی پرفارمنس کے سربراہان، سینئر کرکٹرز، کوچز اور پی سی بی کے سینئر آفیشلز بھی شریک ہوں گے جہاں کنکشن کیمپ میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مستقبل کے فیصلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریڈ اور وائٹ بال کوچز آپس میں بھی میٹنگز کریں گے، وائٹ اور ریڈ بال کے کپتانوں کی تبدیلی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان ٹیم کے نئے وائٹ بال کپتان کی تقرری کا امکان ہے جس سے ٹیسٹ کپتان شان مسعود کی کپتانی بھی انڈر سکروٹنی آ گئی ہے۔