ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے: مریم اورنگزیب
09-07-2024
(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے۔
سموگ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور کافی حد تک سموگ سے متاثر ہو رہا ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے، 3 ماہ کے دوران لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک گیا۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے تعلیم، معیشت اور صحت متاثر ہوتی ہے، سموگ لاہور میں جمع ہوتی ہے اور سردیوں میں معمولات زندگی متاثر کرتی ہے، لاہور میں سموگ کا انڈیکس ساڑھے 400 تک بھی گیا ہے، پچھلے ادوار میں سموگ کے خاتمے کیلئے کوئی احتیاطی تدبیر نہیں اپنائی گئی۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وہیکل فٹنس کا کوئی پروسیس موجود نہیں تھا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصب سنبھالتے ہی ایئر کوالٹی انڈیکس بہتر بنانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگائی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں روزانہ 1800موٹر سائیکلیں رجسٹر ہوتی ہیں، لاہور میں اس وقت 13 لاکھ گاڑیاں موجود ہیں، شہری جرمانے سے بچنے کیلئے اپنی گاڑیوں کی مکمل فٹنس کا خیال رکھیں، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرانی گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، لاہور میں جلد الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔