نئے کرنسی نوٹوں کے آرٹ مقابلے، خواتین بازی لے گئیں، فاتحین کا اعلان
09-07-2024
(ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے نوٹوں کی سیریز کے آرٹ مقابلے جیتنے والوں کا اعلان کر دیا، مقابلوں میں خواتین بازی لے گئیں۔
مقابلے کے نتائج کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے 5 بینک نوٹ خواتین نے ڈیزائن کیے ہیں جبکہ کامیاب قرار پائے گئے 10 بینک نوٹ ڈیزائن میں سے 6 خواتین نے تخلیق کیے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے آرٹ مقابلے میں پہلے نمبر پر آنے والے 10، 100، 500، 1000 اور 5000 کے بینک نوٹ خواتین نے جبکہ 20 اور 50 کے نوٹ مرد حضرات نے ڈیزائن کیے ہیں۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے آرٹ مقابلے جیتنے والوں اور مقابلے میں حصہ لینے والوں کو مبارکباد دی گئی اور سراہا گیا ہے۔ مقابلے میں دوسرے نمبر پر آنے والا 500 روپے کا نوٹ بھی خاتون آرٹسٹ نے ڈیزائن کیا ہے جبکہ 10 اور 5000 کے دوسرے نمبر پر آنے والے ڈیزائن مرد آرٹسٹ کی تخلیق رہے۔ زیادہ تر ڈیزائنرز نے اپنے نوٹوں کے ورژن میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو شامل کیا ہے، کچھ نے فاطمہ جناح کی تصاویر بھی شامل کی ہیں جنہیں "مادر آف نیشن" کہا جاتا ہے۔ 10 روپے کے نوٹ کی پہلی پوزیشن ڈاکٹر شیری عابدی نے حاصل کی جبکہ اسی کرنسی نوٹ کو ڈیزائن کرنے پر مرزا سفیان دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح ہارون خان نے 20 روپے کے نوٹ کی ڈیزائننگ کا پہلا انعام جیتا جبکہ سید فواد حسین 50 روپے کے نوٹ کا بہترین ڈیزائن کرنے کے فاتح قرار پائے۔ 500 روپے کے نوٹوں کی پہلی پوزیشن ہادیہ حسن اور دوسری پوزیشن عینی زہرہ کو دی گئی۔ اسی طرح مقابلوں میں نورین اسلم کے ہزار روپے کے نوٹ آرٹ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ نوٹوں کے مقابلے میں صرف ایک ڈیزائنر میمونہ افضل نے دو ڈیزائن میں کامیابی حاصل کی انہوں نے 100 اور 5000 روپے کی کیٹیگریز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 5000 روپے کے نوٹ کی کیٹیگری میں دوسرا انعام کریم محمد کو دیا گیا ہے۔ آرٹ مقابلے میں کامیاب ہونے والے ڈیزائن علامتی ہیں جنہیں ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد چنا ہے جس میں ثقافتی ورثے اور ترقی پسند سوچ کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ کامیاب ہونے والے بینک نوٹ عالمی ماہرین کو بھیجے جائیں گے جو اسٹیٹ بینک کی نئی سیریز کو ڈیزائن کریں گے، ماہرین کامیاب ڈیزائن کو رہنمائی کے لیے استعمال کریں گے تاہم وہ بینک نوٹ ڈیزائن کرنے میں آزاد ہوں گے۔