جنوری سے ستمبر 2024 تک قیدیوں پر تشدد کے واقعات کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم

09-07-2024

(لاہور نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قیدیوں پر تشدد اور جیلوں میں اموات سے متعلق کیس کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے آمنہ ریاض کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ تحریری حکم میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے یکم جنوری 2024 سے ستمبر 2024 تک جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کے واقعات کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور آئی جی جیل خان جات پنجاب کو آئندہ سماعت پر مکمل تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ جیلوں میں رواں برس قیدیوں کی اموات اور ان کی وجوہات سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی جائے۔ تحریری حکم میں کہا گیا کہ قیدیوں پر تشدد کے خلاف درج شکایات کی مکمل تفصیلات پیش کی جائیں اور قیدیوں کا میڈیکل کرانے سے متعلق بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔