عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، کوئی بے گھر نہیں ہوگا: آرمی چیف
09-06-2024
(لاہور نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع اور شہداء کے ح والے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، عزم استحکام کے دوران کوئی بے گھر نہیں ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب میں شریک ہیں، تقریب میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز سمیت دیگر حکومتی شخصیات، عسکری حکام اور شہدا کی فیملیز بھی موجود ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم دفاع و شہدا کی پُروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جی ایچ کیو آمد پر وزیر اعظم کو سلامی پیش کی گئی جبکہ آرمی چیف نے اُن کا استقبال کیا، وزیر اعظم نے جی ایچ کیو میں شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔ یوم دفاع اور شہدا سے متعلق تقریب کا آغاز قومی ترانہ اور تلاوت کلام پاک سے ہوا، تقریب میں میزبانی کے فرائض لیفٹیننٹ کرنل عمیر بنگش اور کیپٹن عائشہ شوکت خان نے انجام دیے، دونوں میزبانوں نے یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں شرکت پر وزیر اعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شہدا کے آخری خطوط اور لمحات کے حوالے سے ’شہید کی ڈائری‘ کے نام سے ویڈیو چلائی گئی جس میں شہدا کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے یومِ دفاع و شہداء پاکستان کی تقریب سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے یومِ دفاع و شُہداء پاکستان کے موقع پر وطنِ عظیم کے تمام بہادر شُہدا اور غازیوں کو خراجِ تحسین شہداء کے درجات کی بُلندی کے لئے دعا گو ہوں جن کے مقدس خون نے پاک سر زمین کی مٹی کی آبیاری کی۔ آرمی چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع جانتے ہیں اور کبھی مذموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کے رُوشن مستقبل پر کامل یقین پاکستانیت کا ناگزیر حصہ ہے۔ آرمی چیف نے اتحاد اور یگانگت کی صفات اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ”معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بُردباری کا مظاہرہ کریں“ مذہبی عدم برداشت سے بالا تر رہ کر آئینِ پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقو ق کا مکمل تحفظ کریں۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، قائد کے رہنما اُصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، پاکستان کی عظیم قوم کے جذبوں کو سلام جنہوں نے افواج ِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے شانہ بشانہ طاغوتی قوتوں اور دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ایک جّری اور بہادر قوم ہے، دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا، انشاء اللہ۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ انتشار اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کوہم آہنگی کےساتھ شکست دیں گے، جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کا قیام مسئلہ کشمیرکےحل سے مشروط ہے، حق خوداردایت ملنےتک کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمارا اصل اثاثہ نوجوان ہے، قومی یکجہتی کوکمزورکرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے، غیرملکی شہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں پرآئندہ بھی زمین تنگ رہےگی۔ آرمی چیف نے کہا کہ عزم استحکام کسی نئے آپریشن کا نام نہیں، عزم استحکام کے دوران کوئی بے گھر نہیں ہو گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جاری رہے گا۔