حکومت کی مانیٹری پالیسی میں تاجر کو ریلیف دیا جائے: ایس ایم تنویر
09-06-2024
(لاہورنیوز) ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویرنے کہا کہ حکومت کی مانیٹری پالیسی میں تاجر کو ریلیف دیا جائے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویرکا کہنا تھا کہ حکومت شرح سود کو نیچے لے کرآئے، حکومت عوام کو سود خور مافیا سے بچائے، اچھی مانیٹری پالیسی ہونی چاہیے تاکہ انڈسٹری کو چلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بڑھتے بلوں کی وجہ سے تاجر برادری پریشان ہے ، انرجی سیکٹر کیلئے بنائی گئی فورس دن رات کام کررہی ہے، ہم لوگ 6 ٹریلین روپے ضائع کررہے ہیں ، ملک کی انڈسٹریز کو جان بوجھ کر ٹیکسوں تلے دبایا گیا ہے ، مانیٹری پالیسی میں تاجر کو ریلیف دیا جائے، آئی پی پیز کی وجہ سے آئے روز انڈسٹریاں بند ہورہی ہیں۔ دوسری جانب صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ملک میں خوشحالی آنی چاہیے اور ملکی معیشت کو چلنا چاہیے، آج کی پریس کانفرنس کا مقصد مانیٹری پالیسی ہے، حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ انڈسٹری کو چلنے دیا جائے۔