پاک بحریہ میں دو نئے جنگی بحری جہازوں کی باقاعدہ شمولیت

09-06-2024

(لاہور نیوز) یوم دفاع کے موقع پر پاک بحریہ میں دو نئے جنگی بحری جہاز باقاعدہ طور پر شامل کر لیے گئے۔

یوم دفاع پر پاک بحریہ میں دو نئے جنگی بحری جہازوں کی باقاعدہ شمولیت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے، پی این ایس بابر اور پی این ایس حنین پاک بحریہ کے فلیٹ میں شامل کر لیے گئے۔ صدر آصف علی زرداری بطور مہمان خصوصی تقریب میں پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام معزز مہمانوں کو میرا سلام،  یوم دفاع پر شاندار تقریب کا انعقاد باعث فخر ہے،  2018میں ترکیہ کے ساتھ ملجم کلاس شپس بنانے کا معاہدہ کیا گیا، دونوں جہاز سٹیٹ آف دی آرٹ ہیں اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ ملجم کلاس کا منصوبہ دفاعی شعبے میں ترکیہ اورہالینڈ کے ساتھ تعاون کے ایک نئے دورکا آغاز ہے، پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ صدر آصف زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پراس عظیم تقریب میں شرکت میرے لیے باعث فخر ہے، کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہماری مسلح افواج ہمہ وقت تیار ہیں، مضبوط پاک نیوی سمندری سرحدوں کی حفاظت کی ضمانت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ یوم دفاع پر پاک بحریہ میں 2جہازوں کی شمولیت باعث اطمینان ہے، دونوں جہاز میری ٹائم چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پاک بحریہ کے فلیٹ میں شامل پی این ایس بابر ترکیہ میں جبکہ پی این ایس حنین رومانیہ میں تیار کیا گیا، ورٹیکل لانچنگ سسٹم سے لیس بابر کلاس کے 4 جہاز پاک بحریہ میں شامل ہے، پی این ایس بابرورٹیکل لانچنگ سسٹم سے لیس ہے۔