عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 17 ستمبر کو عام تعطیل
09-06-2024
( لاہور نیوز) حکومت پاکستان نے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰﷺ کے یوم ولادت 12 ربیع الاول کے موقع پر 17 ستمبر 2024 بروز منگل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 17 ستمبر 2024 کو عید میلاد النبیﷺ (12 ربیع الاول 1446 ہجری) کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔ اجلاس میں رویت ہلال زونل کمیٹی اسلام آباد، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ علاوہ ازیں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر جاری رہے، اجلاس میں ماہ ربیع الاوّل کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا تھا کہ 12 ربیع الاول 17 ستمبر بروز منگل کو ہو گی۔