مہنگائی میں معمولی کمی، مجموعی شرح 14 اعشاریہ 7 فیصد ریکارڈ

09-06-2024

(لاہور نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی آ گئی، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 15 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 14 اعشاریہ 07 فیصد پر آ گئی، ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء مہنگی جبکہ 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا، لہسن فی کلو 7 روپے 38 پیسے مہنگا ہوا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں27 روپے 66 پیسے اضافہ ہوا۔ اسی طرح ایک ہفتے میں انڈے ایک روپے 65 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، آلو، چاول، کیلے، بیف، نمک اور گڑ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 3 پیسے کی کمی آئی، گزشتہ ہفتے کے دوران چکن 6 روپے 73 پیسے فی کلو سستا ہوا، گندم کا 20 کلو کا تھیلا 23 روپے 32 پیسے سستا ہوا جبکہ رواں ہفتے کے دوران مٹن، چائے کی پتی سمیت 19 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔