انٹرا پارٹی کیس: پی ٹی آئی کی چاروں متفرق درخواستیں مسترد

09-06-2024

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی کیس میں پی ٹی آئی کی چاروں متفرق درخواستیں مسترد کرتے ہوئے دس صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کا فیصلہ ممبر سندھ نثار درانی کی جانب سے تحریر کیا گیا ہے جس میں انٹرا پارٹی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر پی ٹی آئی کا اعتراض مسترد کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں تحریک انصاف کے التواء کی درخواست بھی مسترد کر دی جبکہ انٹرا پارٹی انتخابات کی کارروائی مخصوص نشستوں میں کمیشن کی درخواست پر فیصلے تک مؤخر کی استدعا بھی مسترد کی گئی ہے۔ فیصلے میں الیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی کو ایف آئی اے سے پارٹی آفس سے  لے جائے گئے دستاویزات کی واپسی کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن ایکٹ2017ء کی شق 208 کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کے قانونی تقاضوں کا جائزہ لینا کمیشن کی ذمہ داری ہے، شق 209 تھری کے تحت سرٹیفکیٹ کے اجراء کے حقائق دیکھنا کمیشن کہ ذمہ داری ہے۔