6 ستمبر 1965 کی تاریخی فتح ہمیشہ یاد رکھی جائے گی: سروسز چیفس

09-06-2024

(لاہور نیوز) یوم دفاع کے موقع پر چیئرمین چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے 6 ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں نے زبردست مشکلات کے خلاف بہادری سے مادر وطن کا دفاع کیا، افواج پاکستان نے فیصلہ کن انداز میں دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے دشمن کی عزائم ناکام بناتے ہوئے ایک تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، 1965ء کی جنگ امید کی کرن تھی جس نے مصیبت کے وقت قوم کیلئے عزم کی مثال قائم کی، آج ان شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1947ء سے پاکستان کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور جنگ میں لازوال قربانیاں دیں، شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ہم ان سابق فوجیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو بہادری سے لڑے، ان سابق فوجیوں کی بہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات اور چیلنجوں سے ملک کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ستمبر 1965ء کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے وطن کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔