سارہ خان اسکرین پر ڈانس کیوں نہیں کرنا چاہتیں؟اداکارہ نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا

09-05-2024

(ویب ڈیسک)شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ سارہ خان کی جانب سے اسکرین پر ڈانس نہ کرنے کی اصل وجہ بیان کردی گئی۔

تفصیلات کےمطابق سوشل میڈیا پر سارہ خان کے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں اُنہیں ٹی وی اسکرین پر ڈانس نہ کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔سارہ خان نے کہا کہ میں ٹی وی اسکرین یا کسی ایوارڈ شومیں ڈانس نہیں کرتی، مداحوں نے مجھے کبھی بھی ڈانس کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ اداکارہ نے کہا کہ میرے مداح مجھ سے بہت پیار کرتے ہیں، وہ میرے ڈراموں، میرے کردار اور میرے ملبوسات کی وجہ سے مجھے پسند کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے مداحوں کی پسند، ناپسند کا خیال رکھتی ہوں، میں کبھی ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہتی کہ جس کی وجہ سے میرے مداح مایوس ہوں یا اُنہیں میرے کسی عمل سے تکلیف ہو۔ سارہ خان نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں نے کبھی ٹی وی اسکرین پر ڈانس نہیں کیا اور مجھے اُمید ہے کہ میں کبھی مستقبل میں بھی اسکرین پر ڈانس نہیں کروں گی۔