رمیز راجہ نے بنگلا دیش کیخلاف شرمناک شکست پر شان مسعود کو آڑے ہاتھوں لے لیا

09-05-2024

(ویب ڈیسک) سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بنگلادیش کیخلاف سیریز میں شکست پرتنقید کی توپوں کا رخ کپتان شان مسعود کی جانب کر دیا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کیخلاف تاریخی ہزیمت کے ذمہ دار شان مسعود ہیں، اِن سے جواب طلبی ہونی چاہیے۔ بنگلادیشی بلےبازوں کو دیکھ کر شان مسعود نے اپنا باولنگ اٹیک چُنا، فٹنس کے مسائل کو دیکھتے ہوئے ہی پلئینگ الیون تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محض 4، 4 روز میں دونوں ٹیسٹ میچز ہارا، وہ بھی کمزور ٹیم کیخلاف! ابھی انگلینڈ کی ٹیم آنے والی ہے کیا مداح ہاری ہوئی ٹیم کے میچز دیکھنے آئیں گے؟رمیز راجہ نے کہا کہ میدان میں ٹیم کو لڑوانا کپتان کی ذمہ دار ہوتی ہے،میں مانتا ہوں وہ نوجوان کپتان ہیں لیکن انہوں نے کئی مقامات پر کپتانی میں کوتاہیاں کی ہیں، شان مسعود کی خود کی پرفارمنس بھی نہیں ہورہی ہے۔