اڈیالہ جیل کا قیدی سہولت کاری اور بوٹ پالش پر یقین رکھتا ہے:عظمیٰ بخاری

09-05-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کا قیدی سہولت کاری اور بوٹ پالش کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا اوڑھنا بچھونا فتنہ اور فساد ہے، عمران خان نے نواز شریف کے خلاف سازش کر کے آر ٹی ایس بٹھا کر چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کیا تھا، نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں دو تہائی اکثریت سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا ظل تباہی پاکستان پر ایٹم بم گرانے اور تین ٹکڑے کرنے کی باتیں کرتا ہے، نواز شریف آئین، قانون اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جبکہ اڈیالہ جیل کا قیدی سہولت کاری اور بوٹ پالش کرنے پر یقین رکھتا ہے، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے شہداء کے مجسمے جلانے والوں کو امن کی باتیں کرتے شرم نہیں آتی؟ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کا قیدی سرٹیفائیڈ جھوٹا، کرپٹ اور بددیانت ثابت ہو چکا ہے، بانی پی ٹی آئی کی کرپشن کے چرچے اب عالمی میڈیا کی زینت بن رہے ہیں، میاں نواز شریف جھوٹے مقدمات سے باعزت بری اور سرخرو ہو چکے ہیں، دوبارہ گنتی کے نام سے آپ کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کونسے فارم کی پیداوار ہیں؟ عمر ایوب نے خیبر پختونخوا کے حلقے سے الیکشن لڑ کر رزلٹ پہ حکم امتناع کیوں لیا؟ تحریک انصاف دھرنے اور دھاندلی کی پیداوار جماعت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے اسلام آباد میں تماشہ لگانے کی بجائے پشاور میں تماشے لگائیں، جو پیسہ آپ نے پختونوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا تھا وہ اپنے اللو تللوں میں نہ اڑائیں۔