وزیراعلیٰ مریم نواز نے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کر دیا

09-05-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سکول نیوٹریشن پروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

ڈی جی خان میں سکول نیوٹریشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سے ڈی جی خان جتنا بھی دور ہو میں آپ سے دور نہیں، آپ سب بچوں کیلئے ایسے سوچتی ہوں جیسے ایک ماں سوچتی ہے، یہ بچے میرے لیے وی آئی پیز ہیں۔ مریم نواز  نے کہا کہ میرا خیال تھا ڈی جی خان کے بچے مجھے نہیں جانتے لیکن یہ سب بچے مجھے پہلے سے جانتے ہیں، آج مجھے بچوں سے جو پیار ملا وہ بتا نہیں سکتی، ڈیرہ غازی خان سے سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، ہم پانچویں کلاس تک کے بچوں کیلئے مفت دودھ کا پروگرام لائے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے پاس پنجاب میں ہزاروں سکول ہیں جن میں لاکھوں بچے پڑھتے ہیں، پاکستان امیر ملک نہیں ہے، وسائل تھوڑے ہیں، اچھا وقت آئے گا اور آ رہا ہے، پوری کوشش ہو گی بچوں کی غذائی ضرورت پوری کرنے کیلئے جو کچھ کر سکتی ہوں وہ کروں۔  وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ مختلف باتیں کرتے ہیں، جب عملی کام کرنے کی باری آتی ہے تو کچھ نظر نہیں آتا، چاہتی ہوں عملاً آپ کیلئے کچھ کر کے دکھاؤں تاکہ آپ کو لگے آپکی وزیر اعلیٰ ماں کی طرح ہے، ہم ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ سے اس پروگرام کولانچ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں وزارت تعلیم کی پوری ٹیم بیٹھی ہے، میری تعلیم کی ٹیم آپ کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، قوم اور عوام کا پیسہ آپکا پیسہ ہے، قوم کے پیسے میں ایک روپے کی خیانت بھی ہوئی تو اللہ معاف نہیں کرے گا، چاہتی ہوں آپ کا پیسہ بغیر کسی غلط کام کے آپ تک پہنچے۔ مریم نواز  نے کہا کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات دل سے ان بچوں کیلئے کام کر رہے ہیں، ہم ٹیچر ٹریننگ، سکولوں کی آؤٹ سورسنگ اور سپورٹس پر کام کر رہے ہیں، کوشش ہے سرکاری سکولوں کے بچے پرائیویٹ سکولوں کے بچوں سے پیچھے نہ رہیں، کوشش ہے سکولوں میں تعلیم، عمارت، ماحول اور بہترین اساتذہ تعلیم دے سکیں، چاہتی ہوں کوئی پیسہ خرچ کیے بغیر سکولوں میں تمام سہولیات ملیں۔ انہوں  نے کہا کہ بچوں کو بغیر کسی خُورد بُرد اور قیمت کے دودھ ملنا وزیر تعلیم کی ذمہ داری ہے، اس پروگرام کو تسلسل کے ساتھ آئندہ پانچ سال چلانا صوبائی وزیر تعلیم کی ذمہ داری ہے، پورے پاکستان میں ایسا پروگرام شروع ہونا چاہیے، باقی صوبوں کے بچے بھی میرے بچے ہیں، باقی صوبو ں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی ایسا پروگرام شروع کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جس میں نواز شریف کے ویژن سے مہنگائی میں کمی لائے ہیں، پنجاب میں آٹے، روٹی اور سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، ہم روز مہنگائی کو کم کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں، پہلی بار مہنگائی 35 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے نواز شریف کے دور میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں تھی، یہ بھی نواز شریف کی ہی حکومت ہے، 7 سال بعد مہنگائی آج دوبارہ سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے، بچوں کو بتانا چاہتی ہوں آپ کو دل سے پیار کرتی ہوں، کوشش ہے آپکی زندگیوں میں بہتری آئے اور آپ ملک کا روشن مستقبل ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بچوں کو تلقین کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپنے وطن سے پیار کرنا ہے، وطن کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا، دنیا چاہے جو کر رہی ہے اس کو کرنے دیں آپ نے وطن کی محبت اور سلامتی کیلئے کام کرنا ہے، آپ کا ہر قدم وطن کی سلامتی کیلئے اٹھنا چاہیے۔