شان مسعود نے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے سے صاف انکار کر دیا

09-05-2024

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

شان مسعود نے کہا کہ میں استعفیٰ نہیں دے رہا، سوشل میڈیا پر بات کا بتنگڑ بن جاتا ہے، شاہین آفریدی کے ساتھ اختلافات اور جیسن گلیسپی سے الجھنے کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ قومی ٹیسٹ کپتان سے جب سوشل میڈیا پر مستعفی ہونے کی خبروں کے مطابق پوچھا تو انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ میں کپتانی سے مستعفی نہیں ہو رہا۔ کپتان شان مسعود نے ایک وائرل ویڈیو کی بھی وضاحت کی جس میں شاہین آفریدی اپنے کندھے پر سے ان کا ہاتھ ہٹا رہے ہیں، اس بارے میں کہا کہ میں نے شاہین کے اس کندھے پر ہاتھ رکھ دیا جس پر گیند لگنے کی وجہ سے انہیں درد ہو رہا تھا، اسی لئے انہوں نے میرا ہاتھ وہاں سے ہٹایا، میرے شاہین کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ تلخ کلامی کی باتیں بھی سامنے آئیں مگر اس کی حقیقت یہ ہے کہ لٹن داس نے چھکے پر گیند کو باہر پھینک دیا تھا، وہ بمشکل چند اوورز ہی پرانی گیند تھی، اس کی جگہ ہمیں جو گیند دی گئی وہ کافی نرم تھی، ہمارا کہنا یہ تھا کہ اسی نئی سے ملتی جلتی گیند ملنی چاہئے، میں یہی بات گلیسپی سے کر رہا تھا۔