صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 16 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈز منظور
09-04-2024
(لاہور نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 16 ارب 18 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لیے گئے۔
فنڈز کی منظوری صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 24 ویں اجلاس میں دی گئی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے اجلاس کی صدارت کی، پی ڈی ڈبلیوز کو وہیل چیئر، مصنوعی و معاون آلات کی فراہمی کیلئے ایک ارب منظور کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ پاپولیشن مینجمنٹ اور فیملی پلاننگ پروگرام کیلئے ایک ارب، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ روڈ کی بہتری کیلئے ایک ارب روپے منظور کیے گئے۔ مالو موڑ تا بھریرہی جھنگ بھکر روڈ کی بحالی کیلئے 3 ارب 79 کروڑ، نیٹ زیرو انرجی بلڈنگ کے ڈیزائن اور تعمیر کیلئے 8 ارب 9 کروڑ اور جہلم میں روہتاس فورٹ بائی پاس روڈ کی تعمیر کیلئے 2 ارب 31 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے شرکت کی، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔