بورڈ آف ریونیو میں ”کے پی آئی“سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

09-04-2024

(لاہور نیوز) پولیس اور انتظامی افسران کے بعد بورڈ آف ریونیو میں ”کے پی آئی“سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

 وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت بورڈ آ ف ریونیو کے”کی پرفارمنس انڈیکس“ سے متعلق اجلاس ہوا،  اس موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی زاہد بخاری اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سمیت دیگرمتعلقہ افراد اجلاس میں موجود تھے۔  اجلاس میں مریم نواز کو بورڈ آف ریونیو سٹرکچر اور سروس ڈلیوری، پلس پراجیکٹ، ریونیو ریکوری، لینڈ مینجمنٹ کے امور پر بریفنگ سمیت بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔  دوران اجلاس بتایا گیا کہ کے پی آئی“سسٹم متعارف  کرانے کے بعد کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اے سی، تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کی کارکردگی کا تعین ”کے پی آئی“سے ہو گا۔  بورڈ آف ریونیو کے جوڈیشنل ممبرز، ممبر ٹیکس، ممبر کالونیز اور ممبر، کنسولیڈیشن کی پرفارمنس کو بھی مانیٹر کیا جائے گا جبکہ دیہی مرکز مال اور پی ایل آر اے میں انتقال کی بروقت تصدیق کا عمل مکمل کرنے پر سکور اپ ڈیٹ ہو گا۔  ”کے پی آئی“سسٹم  کے تحت سب رجسٹرار آفس کی کارکردگی رجسٹری کی بروقت تصدیق سے منسلک ہو گی انتقال سے متعلق امور اور اراضی ریکارڈ کی تصحیح بھی کے پی آئی سکور میں شامل ہو گی۔   اجلاس میں بریف کیا گیا کہ ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیشرفت بھی کے پی آئی میں شامل ہو گی، ای گردا وری، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس، وارثتی انتقال کے کیس میں فیلڈ رپورٹ بھی کے پی آئی کا حصہ ہو گی۔ دوران اجلاس بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لئے اختراعی اقدامات، پالیسی ریفارمزسے بھی افسران کی کارکردگی کو جانچا جائے گا، عدالتی مقدما ت نمٹانے پر کے پی آئی سکور میں اضافہ ہو گا، تقسیم ا نتقال او رریونیو ریکوری سے بھی متعلقہ افسر کے پی آئیز بہتر ہوں گے۔