شوبز انڈسٹری میں جگہ بنانے کیلئے تعلقات کا ہونا ضروری نہیں: سونیا حسین
09-04-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری جیسے عوامل کی موجودگی سے انکار کر دیا۔
حال ہی میں اداکارہ سونیا حسین ساتھی اداکارہ و میزبان اشنا شاہ کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران انٹرویو انہوں نے بیشتر فنکاروں کی جانب سے کام نہ ملنے یا پھر لیڈ رول نہ ملنے کی شکایات کو بے سبب قرار دیا۔ سونیا حسین نے کہا ہے کہ انڈسٹری میں جگہ بنانے کے لئے تعلقات کا ہونا ضروری نہیں، یہ سب بہانے ہیں، آپ کو اپنا کام آنا چاہئے۔۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں فیورٹ ازم ضرور ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ انڈسٹری میں اقربا پروری جیسی کوئی چیز ہے یا پھر صرف گورے رنگ کو فوقیت دی جاتی ہے بلکہ جو کام کرنا جانتا ہے وہ اپنی جگہ اپنے کام کی بنیاد پر بنا سکتا ہے۔ سونیا حسین نے اس بات پر زور دیا کہ محنت بالآخر رنگ لاتی ہے اور نئے آنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ بہانے بنانے سے گریز کریں اور سخت محنت پر توجہ دیں۔