بنگلا دیش سے بدترین شکست: قومی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ میں تنزلی

09-04-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں دونوں میچز ہارنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 24 اہم پوائنٹس گنوا دیئے اور رینکنگ میں تنزلی کا شکار ہو کر 8 ویں پوزیشن پر چلا گیا۔

پاکستان کے چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں، دوسری جانب بنگلا دیش نے سیریز میں غیر متوقع کامیابی کے ساتھ ہی چیمپئن شپ کی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ چیمپئن شپ میں میچ جیتنے والے پوائنٹس کی اوسط کی بنیاد پر اس وقت بھارت رینکنگ میں سرفہرست اور دفاعی چیمپئن آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ تیسرے، انگلینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، سری لنکا ساتویں اور ویسٹ انڈیز نویں اور آخری نمبر پر ہے۔ رینکنگ میں ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلا جائے گا، پاکستان نے اب تک چیمپئن شپ میں 7 میچز میں سے محض 2 میں کامیابی پائی ہے جبکہ 5 مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 16 پوائنٹس حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوسط 19.05 ہے، پاکستان فائنل کی دوڑ سے الگ نہیں ہوا لیکن حتمی مراحل میں اس کی رسائی کے امکان غیر روشن ہیں۔