چلتی معیشت کو تباہ کیا گیا، خمیازہ آج بھی بھگت رہے ہیں: عمر ایوب
09-03-2024
(لاہور نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا گیا جس کا خمیازہ آج بھی بھگت رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں بہترین معیشت چل رہی تھی، عمران خان نے محمود اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا ٹاسک دیا ہوا ہے. عمر ایوب کا کہنا تھا اس کے علاوہ ہم نے کسی سے منت سماجت نہیں کی، منتیں تو خواجہ آصف نے کیں، وہ روتے بھی تھے اور نواز شریف کی پلیٹ لیٹس جو گرتی تھیں تو وہ جھوٹی رپورٹس بناتے تھے اور غلط رپورٹس کابینہ کو پیش ہوتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی غلطی نہیں وہ کھسک گئے ہیں، خواجہ آصف کی اپنی پارٹی کے لوگ ان سے تنگ ہیں، ہم معافی مانگتے ہیں صرف اللہ رب العزت سے اپنے گناہوں کی، معافی وہ مانگتا ہے جس نے کوئی غلط کام کیا ہو ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق 8 ستمبر کو بھرپور جلسہ کریں گے۔ عمر ایوب نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے معیشت کو زمین بوس کیا، ہمارے دور میں اربوں روپے ڈالر ریزرو تھے، چلتی پھرتی معیشت کو تباہ و برباد کیا گیا، بیرون ملک کے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے تھے، آج نوجوان باہر جانے کیلئے پاسپورٹ کیلئے لائنوں میں لگے ہوئے ہیں۔