ملک میں معاشی استحکام اولین ترجیح ہے: احسن اقبال

09-03-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اتنی بجلی بھی نہیں تھی کہ یو پی ایس کی بیٹری چارج ہو، لوگ روشنی کیلئے موم بتی اور لالٹین جلانے پر مجبور ہو گئے تھے، پھر ہم نے ملک میں سی پیک کا منصوبہ شروع کیا، تھرکول ڈویلپمنٹ کے منصوبے پر سندھ حکومت کئی سالوں سے کوشش کر رہی تھی، ہم  نے تھرکول کو سی پیک میں شامل کرکے تھر کیلئے سرمایہ کاری حاصل کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج تھرکول منصوبہ ہمارے لئے سستی ترین بجلی فراہم کر رہا ہے، بجلی کی دستیابی اور فراہمی کے ذرائع کو وسیع کیا گیا، ہم نے پلاننگ ماڈل سیل بھی قائم کیا تھا، واٹر سیکٹر سے ہائیڈل آتی ہے اس کا پاور سیکٹر کے ساتھ مربوط لنک نہیں تھا، سارے سیکٹر آپس میں ڈس جوائنٹ طریقے سے کام کر رہے تھے، ہم  نے تمام پاور سیکٹرز کو آپس میں منسلک کیا، تمام متعلقہ وزارتوں کو بلا کر ٹریننگ دی گئی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج ہمیں مسائل کا سامنا ہے، ان میں سے کوئی مسئلہ 2018 میں نہیں تھا، 2013 میں دہشتگردی، توانائی اور معاشی بحران بہت بڑے چیلنج تھے، 2018 میں دہشتگردی اور توانائی بحران کا خاتمہ ہوا، تمام سٹیک ہولڈرز کو کہوں گا مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو یقینی بنانے کیلئے انرجی ماڈل قیمتی ٹول ہے۔