مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا، دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے: وزیراعظم
09-03-2024
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں وسائل کی کمی نہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب ملکر محنت کر رہے ہیں، اگست میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر آ گئی، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو ہا ہے، وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو ستائش پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دن رات ایک کر کے حالات بدل دیئے، پاکستان کے کروڑوں لوگ بہت قابل ہیں، یہاں کسی چیز کی کمی نہیں، معدنیات، قدرتی وسائل ہیں، حالات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، ملک کو تیزی سے آگے لے کر جانا ہے، آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق لوازمات کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ سفر کٹھن اور مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، پورا یقین ہے اپنی منزل تک پہنچیں گے، اپنے اہداف پر فوکس رہنا ہو گا، عملی بصیرت پر ہماری کمٹمنٹ باتوں، پیپر اور سمری سے زیادہ ہونی چاہئے، روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں سمگلنگ کا بھی خاتمہ کرنا ہے۔ کابینہ اجلاس میں سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی موجودہ امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔