نواز شریف نے پی ٹی آئی کو کسی قسم کے مذاکرات کی پیشکش نہیں کی: عرفان صدیقی
09-03-2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، نواز شریف نے پی ٹی آئی کو کسی قسم کے مذاکرات کی دعوت دی اور نہ ہی پیشکش کی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ محمد نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنے کی بات کی، معاشی استحکام کیلئے خیبرپختونخوا حکومت سے بات کریں گے، آئین میں ججز کی تعداد بڑھانے کا اختیار پارلیمنٹ کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تجویز کا سیاسی مذاکرات کی جانب کوئی اشارہ نہیں تھا، پی ٹی آئی کٹی پتنگ کی طرح گھوم رہی ہے، مذاکرات کیلئے جو فضا اور ماحول چاہئے وہ ابھی نہیں ہے، پی ٹی آئی مذاکرات نہیں صرف رعایتیں چاہتی ہے۔ عرفان صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت جو فیصلے کرے گی خیبرپختونخوا کی حکومت اس کا حصہ ہو گی، انہیں آنا چاہئے اور اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف 9 مئی واقعات کی لٹکتی ہوئی تلوار کو دیکھ کر کبھی ادھر مذاکرات کی بات کرتی ہے اور کبھی ادھر مذاکرات کی بات کرتی ہے، 2022ء میں جب الیکشن طے کر لئے تھے تو ان کی ٹیم نے بھی ہمارے ساتھ بیٹھ کر الیکشن طے کئے لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 25 مئی کو اسلام آباد پر حملہ کریں گے۔ عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے کہا کہ ہم الیکشن کی بات کر کے آئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی کوئی بھی ضمانت نہیں دے سکتا۔