3سال میں سائبر کرائم کے 4 ہزار مقدمات درج: تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

09-02-2024

(لاہور نیوز) تین سال میں 2 لاکھ 46 ہزار سائبر کرائم کی شکایات موصول ہوئیں، 4 ہزار مقدمات درج کرنے سے متعلق تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں سائبر کرائم کے واقعات کی تعداد میں اضافے کے معاملہ پر وزارت داخلہ  نے سائبر کرائم  سے متعلق گزشتہ تین سالوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں۔ وزارت داخلہ کی دستاویز کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران سائبر کرائم سے متعلق 3 لاکھ 86 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، چھان بین کےدوران 2 لاکھ 46 ہزار شکایات کی تصدیق ہوئی، سائبر کرائم واقعات پر 48 ہزار شکایات پر انکوائریاں کی گئیں۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ دوران انکوائری 4 ہزار سے زائد ملزمان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے، گزشتہ تین سال کےدوران سائبر کرائم پر 178 افراد کو سزائیں ہوئیں اور 367 کو بری کر دیا گیا۔ اسی طرح سال 2021 میں ایک لاکھ 15 ہزار 868 شکایات موصول ہوئیں، 80803 شکایات کی تصدیق ہوئی، 15 ہزار 766 انکوائریاں کی گئیں، 1223ایف آئی آرز درج کی گئیں،48 کیسز میں سزائیں ہوئیں۔ دستاویز میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ سال 2022 میں ایک لاکھ 36 ہزار 24 شکایات موصول ہوئیں، 83552 کیسز کی تصدیق ہوئی، 14380 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں جبکہ 1469ایف آئی آرز درج ہوئیں اور 48 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں سال 2023 میں ایک لاکھ 34 ہزار 710 شکایات موصول ہوئیں، 82396 کیسز کی تصدیق ہوئی، 18012 کیسز کی انکوائریاں ہوئیں ،1375 مقدمات کی ایف آئی آرز درج ہوئیں جبکہ 92 کیسز میں ملزمان کو سزا ہوئی۔