سینیٹ میں سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 20 تک بڑھانے کا ترمیمی بل پیش

09-02-2024

(لاہور نیوز) سینیٹ میں سپریم کورٹ ججز کی تعداد میں ترمیم کا بل پیش کر دیا گیا، جو بعدازاں متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔

سینیٹ اجلاس میں بل سینیٹر عبدالقادر  نے پیش کیا جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد چیف جسٹس کے علاوہ 20 کی جائے۔ سینیٹر عبدالقادر کے پیش کردہ بل کی پی ٹی آئی نے مخالفت کی، عبدالقادر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں 53 ہزار سے زیادہ کیس زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ میں کیس آنے میں دو دو سال لگ جاتے ہیں۔ سینیٹر عبدالقادر   نے مزید کہا کہ میرے خیال میں تو 16 ججز بڑھنے چاہئیں، سپریم کورٹ میں آئینی معاملات بہت آرہے ہیں، لارجر بینچ بن جاتے ہیں اور ججز آئینی معاملات دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے کیس سپریم کورٹ میں پھنسے ہیں، سپریم کورٹ کے پاس ٹائم نہیں کہ وہ ایسے کیس سنیں، ہمارا عدلیہ کا نظام نیچے سے ٹاپ پر ہے۔