موسلادھار بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کا فلڈ الرٹ جاری
09-02-2024
(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بالائی علاقوں میں 3 سے 4 ستمبر تک شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے جہلم میں منگلا اپ سٹریم کے مقام پرپانی کے بہاؤ میں اضافہ کی وارننگ دی ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلاب کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق 3 ستمبر تک دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے کمشنر گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرات اور ملتان ڈویژنز کو الرٹ جاری کیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز بھکر، خوشاب، میانوالی ، لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، راجن پور، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین،سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی ہیں، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بڑے شہروں میں شدید ممکنہ بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، عوام الناس کو موجودہ موسمی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔