نیا توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

09-02-2024

(لاہور نیوز) احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر، انتظار پنجوتھہ اور خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء نے دلائل دیئے، وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر  نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی  خلاف توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے، ایک ہی طرح کے الزام میں دو ریفرنس نہیں بنائے جا سکتے۔ نیب پراسیکیوٹر  نے کہا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہو سکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے ریفرنس سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں، نیب پراسیکیوٹر  نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دائر کر دی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کر دی تاہم عدالت ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر 6 ستمبر کو سماعت کرے گی۔