قابض مافیا نے ہم پر آئی پی پیز کا عذاب مسلط کیا ہے: حافظ نعیم الرحمان
09-02-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا دیا، آئی پی پیز کو سب معاف ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم اس ماہ 50 لاکھ افراد کو اپنی مہم کا ممبر بنائیں گے، ہم کروڑوں کی تعداد میں لوگوں سے رابطہ کریں گے، ہم پورے پاکستان میں مختلف کمیٹیاں قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی مؤثر ترین جماعت ہے، جماعت اسلامی ہی جمہوریت کے پیمانے پر پورا اترتی ہے، باقی وڈیروں، جاگیرداروں اور خاندانوں پر مشتمل پارٹیاں ہیں لیکن جو سب کو جوڑ سکتی ہے وہ جماعت اسلامی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں موجود دشمن کے ایجنٹ اپنے مذموم مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں، پاکستان کے سیاسی خلا کو پورا کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی مہم چل رہی ہے، دیانتدار پارٹی موجود ہے تو اس کا پاکستان کو فائدہ ہے، نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس نہ ہوں، میڈیا ورکرز کو وہ مراعات ملنی چاہئیں جو آئین وقانون کے مطابق ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اس نظام میں طاقتوروں ،دولت والوں اور حکمرانوں کی بالادستی ہے، جب وسائل لوگوں پر نہیں لگتے تو نوجوانوں میں مایوسی پھیلتی ہے، پاکستان میں 80 فیصد لوگ 40 سال اور 65 فیصد 25 سال کی عمر کے ہیں، آپ نے پاکستان سے مایوس ہو کر جانا ہی کیوں ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنی ذخائر کی کوئی کمی نہیں، سمندر، دریا ، کھیت اور پہاڑ ہیں، نظام پر قابض لیڈر شپ نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے، لوگ یہاں طاقت کے بل بوتے پر فارم 47 پر مسلط ہوتے ہیں، یہ لوگ صحیح طریقے سے پاکستان نہیں چلا سکے، ان کو اپنی شکست اور ناکامی کو تسلیم کرنا ہو گا، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر حکمران طبقے کو ناکامی کا اعتراف کرنے پر مجبور کریں گے۔