پنجاب پولیس نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا: محسن نقوی
09-02-2024
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
محسن نقوی نے میانوالی میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تھانہ عیسیٰ خیل کی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں نے ہمت کے ساتھ 14 خارجی دہشتگردوں کو مار بھگایا، رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے والے خارجی دہشت گردوں کو پولیس نے دندان شکن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ خارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دلیری کو سراہتا ہوں، خارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے۔