یہ ناراض بلوچ نہیں انہیں دہشت گرد کہا جائے، یہ’را‘ فنڈڈ لشکر ہے: سرفراز بگٹی

09-01-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ مقدس پاکستانیوں کےخون کےایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے معصوم شہریوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا، کسی بلوچ  نے نہیں دہشت گردوں  نے پاکستانی شہید کیے، دہشت گردوں کا کوئی مہذب نہیں، بلوچ روایات میں بچوں،خواتین کا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی، بی ایل اے نے 9 مقامات پر حملے کیے تھے، مقدس پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، شہدا کے لواحقین کو 20 لاکھ دیں گے، گاڑیوں کے نقصانات بھی حکومت بلوچستان پورا کرے گی۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ یہ ناراض بلوچ نہیں ان کودہشت گرد کہا جائے، بلوچستان میں ہرصورت حکومت کی رٹ برقرار رکھیں گے، دکھ کی گھڑی میں پنجاب کے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوں، دکھ کا اظہار کرنے لاہور آیا ہوں، انشاء اللہ اس مقدس خون کا بدلہ ضرور لیا جائےگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان  نے کہا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے، پہلےدن سےکہہ رہا ہوں یہ’را‘ فنڈڈ لشکر ہے، یہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے، مزدور ایک سوفٹ ٹارگٹ ہیں جو روز گار کےلیےسفر کر رہا ہوتا ہے، دہشت گردوں کے پاس ہارڈ ٹارگٹ کی کیپسٹی نہیں ہے، دہشت گرد صرف سوفٹ ٹارگٹ کونشانہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے بلوچستان کو اپنا شیئر دیا، کسی پنجابی نہیں پاکستانیوں کا خون بہا ہے، یہ دہشت گرد بلوچ، پشتونوں کو بھی اسی طرح مار رہے ہیں، ہم سب پہلے پاکستانی پھر کوئی سرائیکی، بلوچی اور پنجابی ہے۔ سرفرازبگٹی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ریاست کی ناکامی نہیں، حکومت کی کوتاہی ہو سکتی ہے، بشیر زیب بی ایل اے کا ہیڈ ہے یہ ساری ایک آرگنائزڈ’’را‘‘فنڈڈ دہشت گردی ہے۔