سوئی سدرن اپنے صارفین سے گیس کے بلوں کی ریکوری میں ناکام

08-31-2024

(لاہور نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) اپنے صارفین سے گیس کے بلوں کی ریکوری میں ناکام ہو گئی۔

ایس ایس جی سی گیس کے بلوں کی مد میں 270 ارب ریکور نہ کرسکی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی کمزور مینجمنٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق سوئی سدرن کے بقایاجات کی مد میں 56 ارب 47 کروڑ روپے پرنسپل اماؤنٹ ہے، بقایاجات میں 213 ارب روپے لیٹ پیمنٹ سرچارج کے شامل ہیں، کے الیکٹرک کے ذمے ایس ایس جی سی کے 176 ارب روپے کے بقایاجات ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صنعتی ڈیفالٹرز نے گیس بلوں کی مد میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے 52 کروڑ روپے ادا نہیں کئے، واپڈا ، جینکو ون اور جینکو تھری کے ذمے 8 ارب 57 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، پاکستان سٹیل ملز نے ایس ایس جی سی کے 84 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عرب ریفائنری لمیٹڈ نے سوئی سدرن کو 42 کروڑ روپے کا بل ادا نہیں کیا، وزارت پٹرولیم کے ساتھ نومبر 2023 میں یہ معاملہ اٹھایا گیا، جس پر مینجمنٹ نے جواب دیا کہ صرف 18 کروڑ روپے ریکور ہوسکے ہیں۔