ملک بار بار انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا، گورنر پنجاب

08-31-2024

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے ملک بار بار انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

اپنے ایک بیان میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں پارٹیوں کو سنجیدہ ہونا پڑے گا ورنہ دونوں کا نقصان ہو گا، سب سے زیادہ پاکستان کا نقصان ہو گا، ن لیگ تمام تحفظات کے باوجود چاہتی ہے کہ یہ حکومت چلے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سے کوئی بھی سو فیصد ٹھیک نہیں ہے، ضرورت یہ ہے کہ سیاست دان اپنی نالائقیاں ٹھیک کریں، بلاول بھٹو نے کل سولر سسٹم بانٹنا شروع نہیں کئے بلکہ بہت پہلے کہا تھا کہ سولر سسٹم عوام کو دیں گے۔  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا مزید کہنا تھا ملک بار بار انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا، بار بار الیکشن کروانے سے عوام کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔