جماعت اسلامی کا حق دو عوام کو تحریک کا فیز ٹو شروع کرنے کا اعلان

08-31-2024

(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے حق دو عوام کو تحریک کا فیز ٹو شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا احسن اقبال کا امیر جماعت اسلامی پر تبصرہ غیر ضروری اور نامناسب ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہی ہے، حکمران طبقہ آئی پی پیز کا سرپرست ہے، بجلی کے بلوں میں شامل ناجائز ٹیکسز اور کیپسٹی چارجز نے فی یونٹ قیمت کو کئی گنا بڑھا دیا ہے، اس صورتحال میں نہ معیشت اور نہ ایک خاندان کے گھر کا خرچ چل سکتا ہے۔ قیصر شریف نے کہا 28 اگست کی کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال ملک کی معیشت کا پہیہ چلانے اور عوام و کاروبار پر ٹیکسوں کے ظالمانہ بوجھ کے خلاف تھی، حافظ نعیم الرحمن اس وقت 25 کروڑ عوام کی امید ہیں، امیر جماعت اسلامی حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی پر بات کر رہے ہیں، اب مسلم لیگ ن کو آئی پی پیز کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کا حساب دینا ہو گا۔  سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان کا مزید کہنا تھا جماعت اسلامی نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو مکمل پلان دیا ہے، جماعت اسلامی کے پاس ملک کی معیشت کو درست کرنے کا پلان اور ٹیم موجود ہے، حکومت نے معاہدے کے مطابق عوام کو ریلیف نہ دیا تو لانگ مارچ جیسے آپشن بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کل جماعت اسلامی حق دو عوام کو تحریک کا فیز ٹو شروع کر رہی ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن لاہور میں آغاز کریں گے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لئے پر امن مزاحمتی تحریک کو مزید تیز کرے گی۔