پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات، وزیر داخلہ کا نادرا سسٹم خراب ہونے کا نوٹس

08-31-2024

(لاہور نیوز) پاکستان انجینئرنگ کونسل کے انتخابات میں نادرا بائیو میٹرک سسٹم اور پی ای سی ڈیٹا بیس خراب ہونے کا وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا۔

ووٹرز کے حق رائے دہی استعمال نہ کرنے کے بارے میں وفاقی وزیر پلاننگ انجینئر احسن اقبال نے تحریری شکایت کی جس پر تحقیقات کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ راجہ رفعت مختار کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انکوائری افسر متعلقہ بے ضابطگیوں پر تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائیں گے، نادرا سسٹم ڈاؤن ہونے کی وجہ سے وفاقی وزیر احسن اقبال  بھی ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے تھے، احسن اقبال پیکو روڈ نادرا  آفس پولنگ سٹیشن پر تین گھنٹے انتظار کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ کئے بنا چلے گئے تھے۔ احسن اقبال کا درخواست میں مؤقف ہے کہ انجینئرز کی بہت بڑی تعداد سسٹم فیل ہونے کی وجہ سے حق رائے دہی سے محروم رہی، انتظامیہ کی طرف سے بغیر بائیو میٹرک تصدیق ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔ شفاف تحقیقات سے واضح ہو جائے گا کہ کہاں کہاں ووٹ کا غلط استعمال ہوا، انکوائری کمیٹی ایک ہفتے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے گی۔