فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کروانے کی حکمت عملی تیار

08-31-2024

(لاہور نیوز) فیصل آباد میں شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کروانے کی حکمت عملی تیار کر لی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے دورہ پاکستان کا ایک ٹیسٹ میچ فیصل آباد میں کروانے کی تیاری کر لی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد کو دینے کا ابتدائی پلان تیارکر لیا گیا جس کے تحت پہلا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم، دوسرا ٹیسٹ میچ فیصل آباد اور تیسرا راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز ون ڈے کپ کروانے کی وجہ مستقبل میں فیصل آباد کو انٹرنیشنل اور پی ایس ایل کی میزبانی دینا ہے جبکہ فیصل آباد میں چیمپئنز ون ڈے کپ میں شائقین کرکٹ کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔