بارش کی وجہ سے نیشنل سٹیڈیم کراچی کی جزوی تعمیر نو کا کام متاثر
08-31-2024
(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک سٹیڈیم کی جزوی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا کام مون سون کی بارشوں کے باعث متاثر ہو گیا۔
کراچی میں رواں ہفتے ہونے والی بارش کے باعث چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں سٹیڈیم میں جاری کام متاثر ہوا ہے اور برساتی پانی کی وجہ سے گزشتہ دو روز سے منہدم شدہ مینوئل سکور بورڈ کا ٹاور، نسیم الغنی انکلوژر اور اقبال قاسم انکلوژرز کا ملبہ اٹھانے کا عمل جزوی طور پر روک دیا گیا ہے۔ حفاظتی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاہم دیگر تعمیراتی امور انجام دینے کا عمل بدستور جاری ہے۔ شہر میں مزید بارش نہ ہونے کی صورت میں آج سے تزئین و آرائش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائے گا۔ نیشنل سٹیڈیم میں انٹرنیشنل سٹیڈیمز تعمیر کرنے والے غیرملکی ادارے کے منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق پہلے مرحلے میں مذکورہ مقام پر 5 منزلہ نئی عمارت میں کھلاڑیوں کے لیے ڈریسنگ رومز تعمیر کیے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں تمام انکلوژرز میں چھت کے لیے جدید طرز کی ٹیفلون کی تنصیب کی جائے گی، تیسرے اور آخری مرحلے میں مرکزی عمارت کو منہدم کر کے نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔ سٹیڈیم کے نئے تعمیراتی منصوبے میں میڈیا باکسز، براڈ کاسٹرز اور کمنٹیٹرز کے لیے مختص مقام کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ میڈیا گیلری کا قیام بھی شامل ہے۔ پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم لاہور، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی کے میگا پروجیکٹ کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 80 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔