مہوش حیات کی 8 سال بعد ڈراموں میں واپسی متوقع
08-31-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی 8 سال بعد ڈراموں میں واپسی کا امکان ہے۔
شوبز حلقوں میں خبریں زیر گردش ہیں کہ اداکارہ مہوش حیات نجی ٹی وی کے ڈرامے میں اداکار احسن خان کے ہمراہ ڈرامہ سکرین پر جلوہ گر ہوں گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ مذکورہ ڈرامے کے ذریعے 8 سال بعد ٹی وی سکرین پر اداکاری کے جوہر دکھائیں گی تاہم ان کے نئے پراجیکٹ سے متعلق فی الحال مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مہوش حیات کا نیا ڈرامہ رواں برس کے اختتام پر نشر کردیا جائے گا، ڈرامے سے متعلق مزید معلومات آئندہ چند ہفتوں میں جاری کردی جائیں گی، تاہم اس حوالے سے مزید کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہی مہوش حیات نے ڈراموں میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی چھوٹی سکرین پر دکھائی دیں گی۔