گاڑی سمیت اغوا کرنے کے بعد شہری سے 10 لاکھ تاوان وصول

08-30-2024

(لاہور نیوز) سبزہ زار کے علاقہ میں شہری کو گاڑی سمیت اغوا کرنے کے بعد 10 لاکھ روپے تاوان وصول کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ لاہور کے علاقے تھانہ سبزہ زار کی حدو میں پیش آیا، شہری عمار اپنی گاڑی پر جا رہا تھا کہ ملزمان نے گاڑی آگے لگا کر اسے روکا، ملزمان نے عمار کی گاڑی کا کنٹرول سنبھالا اور اسے لیکر گھومتے رہے۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے پہلے خود کو سی آئی اے اور پھر ایف آئی اے کے اہلکار ظاہر کیا، ملزمان  نے پہلے 50 لاکھ تاوان مانگا نہ دینے کی صورت میں مقابلے میں مارنے کی دھمکی دی۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ شہری نے مختلف رشتے داروں سے مختلف پوائنٹس پر رقم منگوا کر ملزمان کو دی، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاحال پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔