حکومت نے ملکی و غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات جاری کردیں

08-30-2024

(لاہورنیوز) وفاقی حکومت نے رواں سال جون تک ملکی اور غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

وزارت خزانہ کی طرف سے ملکی اور غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال جون تک ملکی قرض 71 ہزار ارب تھا، مجموعی قرضے کا 66 فیصد ملکی اور 34 فیصد غیر ملکی قرضوں پر مشتمل ہے،رواں سال جون تک پاکستان پر 47 ہزار ارب سے زائد ملکی اور 24 ہزار ارب سے زائد غیر ملکی قرضہ ہے۔ حکومتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکی قرضہ حکومتی سکیورٹی کے اجرا جبکہ بیرونی قرضہ ترقیاتی شراکت داروں اور کمرشل اداروں سے حاصل کیا جا رہا ہے۔وزارت خزانہ نےرواں برس 2024 سے آئندہ قرض ادائیگی کا شیڈول بھی ایوان میں پیش کر دیا۔ شیڈول کے مطابق رواں سال 2024 میں 18 ہزار 700 ارب، 2025 میں 8 ہزار 700ارب قرضہ کی ادائیگی کی جائے گی، 2026 میں 7 ہزار 600 ارب اور 2027 میں 4 ہزار 3 سو ارب قرض کی ادائیگی کی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2028 میں 6 ہزار ارب اور 2029 میں 8ہزار 4 سو ارب سرکاری قرض کی ادائیگی کی جائیگی، 2030 میں 2 ہزار 400 ارب اور 2031 میں 2 ہزار 600 ارب جبکہ 2031 میں ایک ہزار ارب سے زائد سرکاری قرض کی ادائیگی شیڈول ہے۔