پنجاب کے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

08-30-2024

(لاہور نیوز)حکومت پنجاب نے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف  نے ہر ضلع میں پائیدار ترقی کے اہداف کا پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے عملدرآمد کیلئے گائیڈلائنز تیار کر لیں۔ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 80 ارب روپے کی لاگت سے صوبہ بھر میں سی ایم پنجاب ڈسٹرکٹ ایس ڈی جی پروگرام پر عملدرآمد کروایا جائیگا، سینی ٹیشن، صاف پانی کی فراہمی اور دیہی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی بحالی سمیت دیگر منصوبہ جات ہر عملدرآمد ہو گا۔ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں ایسے ترقیاتی کام کروائیں گی جن سے عوام کو فوری فائدہ ہو، محکمہ بلدیات بطور کوآرڈینیشن ایجنسی عملدرآمد کروائے گا جبکہ ڈویژنل سطح پر کمشنرز منصوبوں پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں گے۔ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ سکیمیں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہونے پر محکمہ پی اینڈ ڈی متعلقہ محکمے کو فنڈز جاری کرے گا، اس پروگرام کے تحت شروع ہونیوالے منصوبوں کی مکمل فنڈنگ کی جائیگی تاکہ منصوبوں کو فوری مکمل کیا جا سکے۔ حکومتی دستاویزات کے مطابق سکیموں کی منظوری پر لاگت میں اضافے کی منظوری قابل قبول نہیں ہو گی، اربن یونٹ جی آئی ایس میپنگ کے ذریعے منصوبوں کی ڈپلی کیشن کو روکے گا تاہم مذکورہ فنڈز صرف ترقیاتی کاموں کے لیے استعمال ہوں گے۔ فنڈز سے آلات، گاڑیوں اور فرنیچر جیسی کوئی چیز نہیں خریدی جائیگی جبکہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب منصوبے پر عملدرآمد کی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کریں گی۔