راولپنڈی سٹیڈیم: گیلی وکٹ خشک کرنے کیلئے ’جدید‘ طریقہ متعارف

08-30-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی میں بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بارش سے متاثرہ وکٹ خشک کرنے کے لیے ‘جدید’ طریقہ استعمال کرتے ہوئے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔

دنیا بھر میں جہاں بھی کرکٹ کا کھیل کھیلا جاتا ہے وہاں کرکٹ کے میچز جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جاتا ہے لیکن پی سی بی کی منطق ہی نرالی ہے اور دنیائے کرکٹ کو ایک نئے طرز سے متعارف کروایا ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا، دوسری جانب محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کیے گئے رین الرٹ کے مطابق 29 سے 31 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کے امکانات ہیں۔ راولپنڈی اور مضافات میں گزشتہ روز ہونے والی تیز بارش کے باعث راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ اور میچ کے لیے مختص کی جانے والی وکٹ گیلی ہوگئی ہے تاہم وکٹ خشک کرنے کے لیے پی سی بی کے عملے نے نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گراؤنڈ سٹاف نے وکٹ خشک کرنے کے لیے پیڈسٹل پنکھے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ روز وکٹ کے دونوں اطراف پنکھے لگائے گئے تاکہ وکٹ کو میچ سے قبل بروقت تیار کیا جا سکے۔