190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس: عمران خان نے عدالت میں شکایتوں کے انبار لگا دیئے
08-29-2024
(لاہور نیوز)عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی نے عدلت میں شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی دو مرتبہ روسٹرم پر آئے، پہلی مرتبہ انہوں نے فاضل جج کو مخاطب کرتے ہوئے وکلا، فیملی ممبران اور میڈیا نمائندوں کو روکنے کی شکایت کی جبکہ دوسری مرتبہ بیٹوں سے بات نہ کرانے کی شکایت کی جس پر جج نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ طاہرشاہ سے جواب طلب کر لیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کے حکم کے باوجود جیلر تین ہفتوں سے بیٹوں سے بات نہیں کرارہا، ہفتے میں کوئی ایک دن اور وقت مقرر کر دیں اور سختی سے ہدایت کریں کہ بیٹوں سے بات کرائی جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا عثمان گل اور چوہدری ظہیر عباس نے تفتیشی آفیسر پر جرح کی، نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت 30 اگست کو ہو گی، وکلا صفائی ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح جاری رکھیں گے.