وزیراعظم معاشی پلان کے تحت ترسیلات زر 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف
08-29-2024
(لاہور نیوز) وزیراعظم معاشی پلان کے تحت ترسیلات زر 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک سمیت یورپی ممالک میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی تعیناتی آئندہ ماہ ہو گی، 2034 تک ترسیلات 32 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر مقرر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ملٹری فورم ایس آئی ایف سی اووسیز کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات اور پروٹیکشن ملے گی، ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے۔ خلیجی ممالک سمیت یورپ سے ترسیلات زر کا ٹارگٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ترسیلات زر میں ہر سال 10 فیصد سے زائد اضافہ کیا جائے گا، سعودیہ، دبئی، قطر، انگلینڈ، نیویارک اور دیگر ممالک میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات ہوں گے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق 6 اتاشی سعودیہ، 2 دبئی، 2 قطر اور باقی یورپین ممالک سمیت دیگر ممالک میں تعینات کئے جائیں گے، یورپی یونین تعاون سے سکلڈ لیبر بڑھانے کیلئے تکنیکی پروگرامز اور ٹریننگ شروع کرائی جائے گی۔