انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے سے متعلق کیس: جے یو آئی ف نے مزید وقت مانگ لیا

08-29-2024

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے سے متعلق کیس کی سماعت میں جے یو آئی ف نے مزید وقت مانگ لیا۔

الیکشن کمیشن میں جے یو آئی ف کے انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی، جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت جمعیت علمائے اسلام  نے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کیلئے مزید وقت مانگ لیا ، معاون وکیل نے کہا کہ جے یو آئی ف کے انٹرا پارٹی انتخابات پہلے صوبوں میں ہو رہے ہیں ، صوبوں میں انٹراپارٹی انتخابات کے بعد وفاقی سطح پر ہوں گے، ہم نے متعلقہ ونگ کو درخواست دی ہے کہ تھوڑا ٹائم دیا جائے۔ ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے کہا کہ جے یو آئی ف کے انٹرا پارٹی انتخابات کی مدت 7 جولائی سے مکمل ہو چکی ہے، ٹائم مکمل ہونے پر تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو جاتا ہے۔ ممبر خیبرپختونخوا  نے کہا کہ ایک پارٹی کا پہلے بھی تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہو چکا ہے، جے یو آئی ف کا تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو چکا ہے، ممبر سندھ حکومت نے ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر آ کے دلائل دیں ، الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی۔