پاکستان ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑی یورپ میں سلپ، تاحیات پابندی عائد

08-29-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور فزیو نے مبینہ طور پر یورپ جاکر سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرادی۔

سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئین رانا مجاہد علی نے لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑی اور فزیو ٹیم کے ساتھ پولینڈ گئے اور وطن واپس نہیں آئے، اطلاع ہے کہ ان کھلاڑیوں نے بیرون ملک سیاسی پناہ کے لئے درخواست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں کو ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے کیمپ میں مدعو کیا گیا۔ مرتضیٰ یعقوب، احتشام اسلم اور عبدالرحمٰن تینوں کھلاڑی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ رانا مجاہد علی  نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں نے لیٹر لکھ کر کیمپ میں آنے سے معذرت کی۔ اطلاع کے مطابق تینوں کھلاڑی بغیر این او سی کے بیرون ملک گئے لہٰذا کانگریس کی منظوری سے تینوں کھلاڑیوں اور فزیو  وقاص پر تاحیات پابندی لگا دی گئی ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہم ان کھلاڑیوں کے معاملے پر مزید کارروائی کے لئے وزارت داخلہ کو لیٹر لکھیں گے، بیرون ملک جانے والے کھلاڑی اذلان شاہ کپ سے پہلے کراچی کے کیمپ کا حصہ تھے۔